نئی دہلی، 2/مئی (ایس او نیوز /ایجنسی) کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی پر زور دیا ہے کہ وہ کرناٹک کی ہاسن سیٹ سے جنتا دل (سیکولر) کے رکن پارلیمنٹ پرجول ریونا کے معاملے میں اپنی خاموشی توڑیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ گرفتار ممبر پارلیمنٹ کی حمایت نہ کریں تاکہ بیٹیوں کو انصاف مل سکے۔
مہیلا کانگریس کی صدر الکا لامبا نے ہفتہ کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ کئی خواتین کی عصمت دری سے متعلق موصول ہونے والی شکایات کے بعد رکن پارلیمنٹ کو گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس گرفتاری سے سینکڑوں مظلوم خواتین کو انصاف ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ کرناٹک حکومت کی طرف سے بنائی گئی خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی) نے ریاست کے ہاسن لوک سبھا حلقے سے ممبر پارلیمنٹ پرجول ریونا کوگرفتار کیا ہے۔ یہ کام ایس آئی ٹی کی تشکیل کردہ خواتین پولیس ٹیم نے کیا ہے۔ اس کے لیے ہم کرناٹک حکومت کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
کانگریس کی لیڈر نے وزیر اعظم سے اس معاملے میں اپنی خاموشی توڑنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا مسٹر نریندر مودی 'بیٹی بچاؤ کا نعرہ' دیتے رہے لیکن پرجول ریونا پر اپنی خاموشی نہیں توڑی۔ کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدار میا نے مسٹر مودی کو خط لکھ کر ان سے کہا کہ ملک چھوڑکر بیرون ملک چلے جانے والے پرجول ریونا کو واپس لایا جائے لیکن وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ کے خط کا جواب نہیں دیا، یہ ظاہر کرتا ہے کہ مودی جی پر جول ریونا کے معاملے میں کتنے سنجیدہ تھے۔
انہوں نے کہا کہ راہ ل گاندھی جی نے متاثرین کو انصاف کی یقین دہانی کرائی تھی۔ انہوں نے مسٹر مودی سے ایک سوال بھی پوچھا تھا کہ آپ اجتماعی عصمت دری کرنے والے کو کیوں بچا رہے ہیں۔ پرینکا گاندھی جی نے بھی پرجول ریونا کے معاملے میں نریندر مودی کی خاموشی پر سوال اٹھایا۔ مسٹر مودی نے آج تک اس معاملے پر خاموشی نہیں توڑی ہے۔